ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کاروار: کووِڈ ہاٹ اسپاٹ اضلاع کی فہرست سے باہر نکلا شمالی کینرا۔90فیصد متاثرین ہوچکے ہیں صحت یاب 

کاروار: کووِڈ ہاٹ اسپاٹ اضلاع کی فہرست سے باہر نکلا شمالی کینرا۔90فیصد متاثرین ہوچکے ہیں صحت یاب 

Sun, 25 Oct 2020 13:26:37    S.O. News Service

کاروار،25؍اکتوبر (ایس او نیوز) کووِڈ متاثرین کی بڑ ھتی تعداد کے پیش نظر کچھ دن پہلے تک’ہاٹ اسپاٹ‘ اضلاع کی فہرست میں شامل ضلع شمالی کینرااب روزانہ متاثرین کی تعداد میں قابل قدر کمی آنے کے بعد  اس فہرست سے باہر نکل گیا ہے۔

سنیچر کے دن ضلع کے مختلف مقامات پرکووِڈ کے جو تازہ 37معاملے سامنے آئے ہیں ان میں کاوار:5، کمٹہ :2، ہوناور :10، بھٹکل:4، سرسی :5، سداپور :3، یلاپور :9مریض شامل ہیں۔جبکہ صحت یاب ہونے والے متاثرین کی تعداد  39ہے۔

خیال رہے کہ پچھلے دو چار دنوں سےملک  بھر میں  اور ریاست کرناٹکا میں  بھی صحت یاب ہونے والوں کے مقابلے میں  متاثرین کی تعداد میں قابل قدر کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ کچھ یہی حال ضلع شمالی کینرا کا بھی ہے۔اس وقت ریاست کے جن  اضلاع میں متاثرین سب سے کم ہے ان میں 1فی صدی مریضوں کے ساتھ بیدر اور گدگ  کا نمبر ہے جبکہ 2فی صدی مریضوں کے ساتھ ضلع شمالی کینرا تیسرے نمبر پر آگیا ہے۔

ضلع ڈپٹی کمشنر کی طرف سے فراہم کردہ اعداد وشمار کے مطابق  روزانہ متاثرین کی شرح 12فیصد سے گھٹ کر  2فیصد پر آگئی ہے اور صحت یاب ہونے والوں کی شرح 90 فیصد ہوگئی ہے۔ اس وقت ضلع میں کووِڈ کے  1,037 ایکٹیو کیسس موجود ہیں جن میں سے  631 مریض مختلف اسپتالوں میں زیر علاج ہیں ۔ 406متاثرین ہوم آئسولیشن میں رکھے گئے ہیں۔ 11,341متاثرین صحت یاب ہوچکے ہیں۔ 160مریض فوت ہوگئے ہیں۔

ضلع بھر میں اب تک 1,49,183 افراد کا کووِڈ ٹیسٹ کیا گیا ہے۔کووڈ وباءکے آغاز میں ہی ضلع میں مریضوں کی بڑی تعداد سامنے آئی تھی جس کی وجہ سے یہ ضلع ’ہاٹ اسپاٹ ‘ بن گیا تھا۔ پھر اس میں کچھ کمی آئی، لیکن اگست اور ستمبر کے مہینے میں دوبارہ اس میں اچھال آگیا تھا اور روزانہ متاثرین کی تعداد 250 تک پہنچ گئی تھی۔ اوراب دوبارہ متاثرین کی تعداد گھٹنے لگی ہے۔ لیکن طبی ماہرین کا کہنا  ہے کہ اگر غفلت اور بے پروائی کا مظاہرا کیا گیا تو کووڈ متاثرین کی شرح میں پھرسےبڑھوتری ہوسکتی ہے اور  صورتحال دوبارہ قابو سے باہر جاسکتی ہے 

ضلع ڈی سی ڈاکٹر ہریش کمار نے بتایا کہسرکاری طور پر ضلع شمالی کینرا کو کووڈ جانچ کروانے کا جو ٹارگٹ دیا گیا تھا اس سے کچھ زیادہ ہی ہم نے ٹیسٹ کروائے ہیں اور اس میں بھی اینٹی جن ریاپیڈ ٹیسٹ سے زیادہ آر ٹی پی سی آر ٹیسٹ کیے گئے ہیں۔۹۰ فی صد متاثرین کا صحت یاب ہونا  بہت اچھی علامت ہے۔مگر چونکہ ایک کے پیچھے ایک تہوار سامنے آ رہے ہیں، اس لئے عوام کے لئے ضروری ہے کہ کووڈ کے سلسلے میں جو احتیاطی اقدامات کرنے ہیں اس سے وہ غافل نہ رہیں۔اگر بے پروائی برتی جائے گی تو پھرہم خود ہی  ایک بڑی مصیبت کو دعوت دینے کا سبب بن جائیں گے۔

ضلع شمالی کینرا میں شروعات سے لے کر اب تک  کووڈکی جو صورتحال رہی ہے اس کی تعلقہ وار تفصیل کچھ اس طرح ہے:

اموات ایکٹیو کیسس صحت یاب  جملہ متاثرین   تعلقہ
20 95 1589 1704 کاروار
8 79  702 789 انکولہ 
20 157 1497 1674 کمٹہ  
21 80 1050 1151 ہوناور
18 44 1076 1138 بھٹکل
17 99 1317 1433 سرسی
5 60 521 586 سداپور
6 40 711 757 یلاپور
12 317 967 1296 منڈگوڈ
31 45 1700 1776 ہلیال
2 21 211 234 جوئیڈا
 160  1037 11341 12538  جملہ

 


Share: